کنڈر کا نظام (How kinder works) - اردو (Urdu)

کنڈر جسے 'کنڈرگارٹن' یا ‘early childhood education’ (چھوٹے بچوں کی تعلیم) بھی کہا جاتا ہے، آپ کے بچے کی نشوونما اور سیکھنے کا ایک اہم حصہ ہے۔ 3 سال کی عمر میں ایک معیاری کنڈر پروگرام شروع کرنے سے انہیں مہارتوں کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے تاکہ وہ زندگی اور اسکول میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

آپ آغاز کی عمر کے کیلکولیٹر میں اپنے بچے کی تاریخ پیدائش لکھ کر معلوم کر سکتے ہیں کہ وہ کس سال میں تین سالہ اور چار سالہ بچوں کا کنڈر شروع کر سکتا ہے۔

پری پریپ کیا ہے

2025 میں چار سالہ بچوں کا کنڈرگارٹن پری-پریپ بن گیا ہے۔

2026 سے، ان بچوں کے لیے ہفتے میں 16 سے 25 گھنٹوں تک کا پری پریپ دستیاب ہے جو:

  • پناہ گزین یا اسائلم سیکر پس منظر سے ہیں
  • خود کو ایبوریجنل اور/یا ٹورس سٹریٹ آئی لینڈر قرار دیتے ہیں
  • جن کے گھرانے کا چائلڈ پروٹیکشن سے واسطہ رہ چکا ہے

پری-پریپ میں آئندہ بھی کھیل کے ذریعے اور چھوٹے بچوں کے کوالیفائڈ اساتذہ کی نگرانی میں تعلیم دی جائے گی۔

اضافی گھنٹے بچوں کو کھیل کے ذریعے سیکھنے اور اپنی صلاحیتیں اور اعتماد بڑھانے کے لیے زیادہ وقت دلاتے ہیں۔

پری پریپ سٹینڈ الون (سیشنل) کنڈرگارٹن اور لانگ ڈے کیئر سینٹرز کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔

پری پریپ، چار سالہ بچوں کا کنڈرگارٹن اور تین سالہ بچوں کا کنڈر سبھی فری کنڈر کا حصہ ہیں۔ فری کنڈر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔

کنڈرگارٹن کے گھنٹے

فنڈشدہ تین سالہ بچوں کے کنڈرگارٹن پروگرام فی ہفتہ 5 سے 15 گھنٹے کے لیے دستیاب ہیں۔ فنڈشدہ چار سالہ بچوں کے کنڈرگارٹن پروگرام فی ہفتہ 15 گھنٹے کے لیے دستیاب ہیں۔

چار سالہ بچوں کا کنڈر وکٹوریہ میں پری پریپ بن رہا ہے اور ہفتہ وار گھنٹوں کی تعداد 15 سے بتدریج بڑھتے ہوئے 30 گھنٹے ہو رہی ہے۔

ثابت شدہ نتائج

کنڈر پروگرام میں جانے والے بچوں میں مختلف صلاحیتیں پروان چڑھنا شروع ہو جاتی ہیں جیسے گنتی اور ہندسوں اور حروف کی پہچان اور مسائل حل کرنا۔ آپ کا بچہ کنڈر میں اعتماد اور خودمختاری حاصل کرے گا اور سماجی اور جذباتی صلاحیتیں حاصل کرے گا۔ اس کا دوسروں سے میل جول ہو گا اور وہ نئے دوست بنائے گا۔

جب آپ کا بچہ باقاعدگی سے کنڈر جاتا ہے تو وہ اپنے ہم عمروں اور اساتذہ کے ساتھ گہرے تعلق کا احساس پیدا کرتا ہے۔ اس تعلق کے احساس کی وجہ سے بچے کو لگتا ہے کہ اس کی قدر کی جاتی ہے اور وہ دریافتیں کرنے اور سیکھنے کا مزا لینے کے لیے اعتماد محسوس کرتا ہے۔

کنڈر کا جانا پہچانا ماحول اور معمولات ایسا سٹرکچر فراہم کرتے ہیں جس سے آپ کا بچہ گروپ میں سیکھنے کے حوالے سے زیادہ پراعتماد محسوس کرتا ہے۔ باقاعدگی سے کنڈر جانے سے آپ کے بچے کو سکول شروع کرنے میں آسانی ہو سکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جو بچے باقاعدگی سے کنڈر جاتے ہیں، ان کے سکول شروع کرنے کے بعد اپنی تعلیمی سطح کو برقرار رکھنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ 16 سال کی عمر میں، وہ طلبا جنہوں نے اسکول شروع کرنے سے پہلے 2 یا 3 سال تک کنڈر پروگرام میں شرکت کی تھی، انہوں نے انگریزی اور ریاضی میں ان بچوں کے مقابلے زیادہ اسکور حاصل کیے جنہوں نے ایسا نہیں کیا تھا۔

والدین اور کنڈر ایجوکیٹرز کیسے مل کر کام کرتے ہیں

کنڈر تب زیادہ کامیاب رہتا ہے جب یہ والدین/سنبھالنے والوں، گھرانوں اور اساتذہ کے درمیان پارٹنرشپ کی طرح ہو۔ ماں/باپ یا سنبھالنے والے شخص کی حیثیت سے آپ کا اپنے بچے کی نشوونما میں سب سے اہم کردار ہے۔ آپ بچے کو صحیح اور غلط کا فرق، اپنی زبان، تہذیب اور رحمدلی اور احترام جیسی اقدار سکھاتے ہیں۔ اساتذہ آپ کے ساتھ کنڈر میں ہونے والی چیزوں کے متعلق بات کریں گے اور گھر میں بچے کا سیکھنا جاری رکھنے کے طریقے بتائیں گے۔ وہ آپ کے بچے کی دلچسپیوں کے متعلق اور اس بارے میں جاننا چاہتے ہیں کہ بچہ کیسے سیکھنا پسند کرتا ہے۔

آپ کسی بھی وقت اپنے بچے کے کنڈر ٹیچر سے انٹرپریٹر (زبانی مترجم) کا انتظام کرنے کے لیے کہ سکتے ہیں۔ آپ کو روبرو یا فون پر یا وڈیو کال پر انٹرپریٹر مل سکتا ہے۔ یہ سروس لینے کے لیے گھرانوں کو کوئی معاوضہ نہیں دینا پڑتا۔

اگر آپ اپنے کنڈر سے اپنی ترجیحی زبان میں بات کرنا چاہتے ہیں تو آپ والدین اور کیئررز کے لیے اِن باؤنڈ ٹیلیفون انٹرپریٹنگ سروس کو استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ سروس اس وقت 30 زبانوں میں پیش کی جا رہی ہے۔

آپ انٹرپریٹر کو کنڈر کا نام اور فون نمبر بتائیں گے اور انٹرپریٹر کال پر رہے گا اور آپ کی بات پوری ہو جانے تک ترجمہ کرے گا۔ اس گائیڈ میں بتائے گئے والدین اور کیئررز کے لیے مراحل پر عمل کریں۔

کنڈر میں کیا ہوتا ہے

اساتذہ بچوں کو کھیل کے ذریعے سیکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ سرگرمیوں میں ڈرائنگ، گانا، چڑھائیاں چڑھنا، کھلی جگہوں پرکھودنا اور بھاگنا دوڑنا، کھلونوں کے ساتھ کھیلنا اور کتابیں پڑھنا شامل ہو سکتا ہے۔ کھیل سے بچوں کو تخیّل استعمال کرنے اور دریافتیں کرنے کی ترغیب ملتی ہے جس کے ساتھ ساتھ بچے دوسروں سے شیئر کرتے ہوئے اور باری لیتے ہوئے تعاون کرتے ہیں۔ بچے آوازوں، حروف اور زبان کے متعلق سیکھیں گے جس میں انگلش بولنا اور سمجھنا بھی شامل ہے۔

کنڈرز ہماری ملٹی کلچرل کمیونٹی کا حصہ ہیں

کنڈر پروگرامز سب پس منظروں کے والدین کو اپنی کمیونٹیوں کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہیں۔ یہ ایسی جگہ ہیں جہاں والدین مل سکتے ہیں اور ایک دوسرے کو اپنی داستانیں سنا سکتے ہیں اور ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں۔

اساتذہ آپ کے بچے اور آپ کی تہذیب کے متعلق جاننا چاہتے ہیں۔ اس سے انہیں ایسے پروگرام تیار کرنے میں مدد ملتی ہے جو آپ کے بچے کے لیے بامعنی ہوں جن میں ثقافتی دنوں اور تہواروں کی بنیاد پر سرگرمیاں اور پروگرام بھی شامل ہیں اور وکٹوریا میں تہذیبی تنوّع کو اجاگر کیا جاتا ہے۔

اساتذہ سرگرمیوں میں سب کو شریک کرتے ہیں لہذا انگلش نہ بولنے والے بچوں کو بھی دوسرے بچوں کے برابر کھیلنے اور سیکھنے کے مواقع ملتے ہیں۔ کچھ کنڈر پروگرامز میں انگلش نہ بولنے والے یا کم انگلش بولنے والے بچوں کی مدد کرنے کے لیے دو زبانیں بولنے والے ایجوکیٹرز ہوتے ہیں۔ بچوں کو دوسروں کے ساتھ اچھا نباہ کرنا اور دوسروں کو قبول کرنا اور تہذیبی فرق کا احترام کرنا بھی سکھایا جاتا ہے۔

کندڑ پروگراموں کی اقسام

بچے تین سال بچوں کے کنڈرگارٹن پروگرام کے لیے ایک لانگ ڈے کیئر (جسے چائلڈ کیئر بھی کہا جاتا ہے) سنٹر میں یا اسٹینڈ الون (جسے سیشنل بھی کہا جاتا ہے) کنڈر سروس میں جا سکتے ہیں۔ یہ خدمات عام طور پر چار سالہ بچوں کے کنڈرگارٹن پروگرام کی بھی پیشکش کرتی ہیں۔

لانگ ڈے کیئر سنٹر تعلیم اور نگہداشت کا پورا دن فراہم کرتا ہے جس میں کنڈر پروگرام بھی شامل ہے۔ استاد کی قیادت میں کنڈر پروگرام کو تعلیم اور نگہداشت کے اضافی گھنٹوں کے ساتھ ملایا جا سکتا ہے۔

سٹینڈ الون سروس میں کنڈر پروگرام صرف مخصوص دنوں اور مخصوص اوقات میں چلے گا۔ سٹینڈ الون سروس بالعموم سال میں سکول ٹرم کے دوران 40 ہفتے کام کرتی ہے اور سکولوں کی چھٹیوں میں بند رہتی ہے۔ یہ دن اور گھنٹے کنڈر سروس طے کرتی ہے۔

Updated